کرک کیلئے صاف پانی کے 2منصوبے ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنیکا فیصلہ

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ضلع کرک کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے دو منصوبوں کو نئے مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ آئل اینڈ گیس کی رائلٹی کی مد میں پہلے مرحلے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کیلئے ضلع کرک کو 1.3 ارب، ضلع ہنگو کو 1.0 ارب جبکہ ضلع کوہاٹ کو 550 ملین ر وپے مختص کئے جائیں گے۔ان منصوبوں کی تکمیل سے پورے کوہاٹ ڈویژن میں لوگوں کے بنیادی مسائل حل ہوں گے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرک سے منتخب ممبر قومی اسمبلی شاہد خٹک سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے بدھ کے روز اُنکے دفتر میں اُن سے ملاقات کی اور ضلع کرک سمیت پورے کوہاٹ ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل سے متعلق اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع کرک کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا دیرینہ مسئلہ حل کرنا موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں۔