لیاقت آباد میں احساس پروگرام کے دفتر پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔ کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار احساس پروگرام کے دفتر کے قریب دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جس کے نتیجے میں 9 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔
حملے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو ٹریفک کے لیے بند کردیا جب کہ پولیس اور رینجرز حکام جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کررہے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دستی بم حملے میں زخمی ہونے والوں میں سلیم، روشن علی، زیشان، فیضان، اور صابر شامل ہیں۔
دوسری جانب گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لیاقت آباد میں احساس سینٹر پر حملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ احساس سینٹر کو سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے،اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اپنے فرائض میں کوتاہی برتنے والے پولیس اہلکاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔