کوروناوائرس، ملک میں یومیہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

 


 ملک میں کورونا کے مریض تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 11 ہزار 469 مریضوں اس وبا سے شفا یاب ہوگئے۔

ایک جانب کورونا کے وار جاری ہیں تو دوسری جانب مریضوں کی صحتیابی بھی تیزی سے جاری ہے اور اب اس وبا سے صحتیاب افراد کی تعداد فعال مریضوں سے زیادہ ہوگئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ 11 ہزار 469 مریض  صحت یاب ہوگئے۔ اس طرح شفایاب کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 25 ہزار 95 ہوگئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ایک روز میں کورونا سے 68 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 4 ہزار 619 ہوگئی ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 22 ہزار 50 ٹیسٹ کئے گئے اور 3 ہزار 387 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس طرح مجموعی مریضوں کی تعداد 2 لاکھ 25 ہزار 283 ہوگئی ہے جبکہ اب تک مجموعی طور پر 13 لاکھ 72 ہزار 825 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

سب سے زیادہ مصدقہ مریض صوبہ سندھ میں ہیں جہاں ان کی تعداد 90 ہزار 721 ہے، پنجاب میں 80 ہزار 297 ، خیبرپختونخوا میں27 ہزار 506، بلوچستان 10 ہزار 717، اسلام آباد میں 13 ہزار 292، آزاد کشمیر میں ایک ہزار 214 اور گلگت میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار 536 ہوگئی ہے۔