وفاقی وزیر ترقی ومنصوبہ بندی اسد عمر کاکہنا ہے کہ کورونا وبا ء میں ڈاکٹرز کے مشورے اور احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد مشکل کام نہیں ہے، ایس او پیز پر عمل ہوگا تو کاروبار بھی چلے گا اور لوگ بھی صحت مند رہیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کے ہمراہ این آئی ایچ میں نو تعمیر آئیسولیشن اینڈ اسپیشل ٹریٹمنٹ سینٹر کے دورےکے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے متعلق صورتحال میں بتدریج بہتری آرہی ہے ۔
اسدعمر نے بتایا کہ اسلام آباد میں 40 دن میں آئیسولیشن اسپتال مکمل کیا گیا ہے، ہماری تیاریاں مکمل ہیں، اگلے ہفتے وزیراعظم آئسولیشن اسپتال کا افتتاح کریں گے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس اسپتال میں آکسیجن اور وینٹی لیٹرز سمیت تمام سہولیات کا اضافہ کیا گیا ہے جبکہ یہاں 250 بیڈ بھی موجود ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا پر قابو پانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں،ملک میں صحت کی سہولیات میں اضافہ ہورہاہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو اس کی سزا بھی ملے گی، ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق حفاظتی تدابیر اختیار کرنا ہوگی، عید پر گلے نہ ملنے سمیت چھوٹی چھوٹی باتوں کا خیال رکھیں کیوں کہ ایس او پیز پر عمل نہ ہوا تو حالات بگڑ بھی سکتے ہیں۔
اس عمر نے کہا کہ مشکل وقت میں تمام پاکستانی ایک ہوجاتے ہیں، احتیاطی تدابیرپرعمل کرناکوئی مشکل کام نہیں ہے۔