آصف زرداری پر ہر صورت فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے پارک لین ریفرنس میں 6 جولائی کو سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری پر ہر صورت فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

آصف زرداری کی طبیعت خراب ہونے کی صورت میں ویڈیو لنک کے ذریعے ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

اس ضمن میں رجسٹرار احتساب عدالت اسلام آباد نے قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی کو انتظامات مکمل کرنے کے لیے خط لکھ دیا۔

زرداری پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر

 

عدالت نے آصف علی زرداری کی خراب صحت ہونے پر گھر یا اسپتال میں ان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے رجسٹرار کے خط میں کہا گیا ہے کہ 6 جولائی کو کراچی میں موجود ملزمان کی ویڈیو لنک پر حاضری یقینی بنائی جائے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ 6 جولائی کو نیب کراچی آصف علی زرداری سمیت تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنائے۔

نیب کراچی کو ویڈیو لنک پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

خط میں یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ خواجہ انور مجید، فاروق عبد اللّٰہ سمیت دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کرنے کے لیے نیب کراچی کے دفتر میں ویڈیو لنک کے انتظامات کیے جائیں۔