وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کردیا۔
کریک ڈاؤن کے دوران ذخیرہ کی گئی 16 ہزار ٹن سے زائد چینی برآمد کرلی گئی جس کی مالیت تقریباً ایک ارب 10 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
کارروائی کے دوران ذخیرہ اندوزوں سے تقریباً 716 ٹن گندم اور 2 ہزار ٹن چاول بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ برآمد کی گئی چینی، گندم اور چاول کو حکومتی نرخوں پر مارکیٹ میں بیچا جائے۔
ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ٹائیگر فورس نے خصوصی طور پر اطلاعات فراہم کی تھیں۔
کریک ڈاؤن کےدوران 10 ہزار کلو مضرِ صحت گوشت اور 8 لاکھ لیٹر دودھ بھی برآمد کر کے تلف کیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو ہدایت کی ہے کہ آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں 150 روپے کمی کی جائے اور اسے پرانی قیمت پر بحال کیا جائے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت آٹے کی قیمت کنٹرول کرنے کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔