ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2980 نئےکورونا متاثرین، مزید 83 ہلاکتیں


ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2980 نئے متاثرین میں کورونا وائرس کی تشخیص کی گئی ہے۔

 کورونا سے متعلق نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھرمیں گذشتہ روز 21951 ٹیسٹ کیے گئے جن میں 2980 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

جس کے بعد ملک میں کورونا متاثرین کی کل تعداد 237489 ہو گئی ہے۔

سات جولائی کو ملک میں ہونے والی 83 اموات میں سے 75 مریض مختلف ہسپتالوں میں انتقال کر گئے جبکہ آٹھ کا انتقال گھر میں ہوا۔ جس کے بعد پاکستان میں مجموعی طور پر اموات کی تعداد 4922 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق ملک میں اب تک کیے جانے والے مجموعی ٹیسٹوں کی تعداد 1,467,104ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 140,965 ہے جبکہ اس وقت ملک میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 91,602 ہے۔

صوبہ سندھ میں مزید 39، پنجاب میں 27، خیبر پختونخوا میں چھ اور پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر میں مزید تین مریض ہلاک ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں دارالحکومت اسلام آباد، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کوئی ہلاکت نہیں ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملک بھر کے مخلتف ہسپتالوں میں 422 مریض وینٹیلیرپر ہیں۔