کورونا وبا: 3307 نئے کیسز، صحتیاب افراد کی تعداد میں مزید 6 ہزار کا اضافہ

دنیا بھر میں ایک کروڑ 15 لاکھ لوگوں سے زائد کو متاثر کرنے جبکہ 5 لاکھ 43 ہزار سے زائد کو ہلاک کرنے والے نوول کورونا وائرس کا پھیلاؤ پاکستان میں بھی جاری ہے اور اب تک اس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 2 لاکھ 39 ہزار 729 جبکہ اموات 4 ہزار 954 تک پہنچ چکی ہیں۔

ملک میں بدھ (8 جولائی) کو 3 ہزار 307 افراد متاثر جبکہ 66 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 6 ہزار 8 افراد ایسے تھے جو وائرس سے صحتیاب ہوگئے۔

اگرچہ ملک میں کورونا وائرس کے یومیہ کیسز میں کمی ہوئی ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹ کی تعداد میں کمی بھی ہے، تاہم کیسز کی تعداد میں امید کی کرن ہے کیونکہ اس وبا کے خاتمے کے ساتھ ہی معمولات زندگی مکمل طور پر بحال ہوسکیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد 31 مارچ تک کیسز کی تعداد لگ بھگ 2 ہزار جبکہ اموات 26 تک تھیں۔

اپریل میں یہ کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور ایک ماہ بعد مجموعی متاثرین ساڑھے 16 ہزار سے تجاوز کرگئے جبکہ اموات 385 ہوگئیں۔

مئی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں تیزی آئی اور 31 تاریخ تک مجموعی کیسز 71 ہزار جبکہ اموات 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

جون میں یہ صورتحال مکمل طور پر بدل گئی اور ایک ماہ میں مجموعی تعداد 2 لاکھ 12 ہزار اور اموات 4300 سے بڑھ گئیں۔

جولائی میں بھی کیسز اور اموات کے آنے کا سلسلہ جاری ہےتاہم یہ جون کے مقابلے میں کچھ حد تک کم ہے۔

آج (8 جولائی) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید کیسز اور اموات میں اضافہ ہوا۔

سندھ
سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 1736 افراد متاثر ہوئے جبکہ 23 اموات ہوئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں متاثرین کی تعداد 1736 کے اضافے سے بڑھ کر 99 ہزار 362 تک پہنچ گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 23 افراد جان کی بازی بھی ہار گئے جس سے مجموعی اموات 1637 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب
صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 930 اور اموات میں 30 کا اضافہ دیکھا گیا۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 930 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی اور اس طرح یہ تعداد 83 ہزار 599 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 30 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 1929 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 93 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں آنے والے ان 93 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 13 ہزار 650 تک پہنچ گئے۔

خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 371 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 29 ہزار 52 ہوگئی۔

صوبے میں مزید 9 مریض وائرس سے جاں بحق ہونے کے جس کے بعد خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1054 ہوگئی ہے۔