ٹڈی دل پر غیر ملکی سفارتکاروں کو بریفنگ

نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر کی جانب سے ٹڈی دل پر غیر ملکی سفارتکاروں کو بریفنگ دی گئی۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ ٹڈی دل سے پاکستان اور خطے میں غذائی حوالے سے شدید خطرات لاحق ہیں، ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے مضبوط علاقائی اور عالمی تعاون درکار ہے، اس کیلئے پاکستان 17 ممالک کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی سید فخر امام نے غیر ملکی سفارتکاروں کو بریفنگ میں بتایا کہ انسداد ٹڈی دل کے لیے صوبوں کی مشاورت سے بنایا گیا ایکشن پلان مؤثر ہے۔ چین جاپان اور برطانیہ کی طرف سے ٹڈیوں سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی مدد کرنا قابلِ ستائش ہے۔

 

ڈپٹی کوآرڈینیٹر نیشنل لوکسٹ کنٹرول سینٹر میجر جنرل سعید اختر نے شرکاء کو نیشنل لوکسٹ کنٹرول کے طریقہ کار اور ڈھانچے سے متعلق بریف کیا۔ سیکرٹری نیشنل فوڈ عمر حامد خان اور لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ گزشتہ 25 سالوں میں ٹڈی دل کا یہ شدید ترین حملہ ہے، ٹڈیاں افریقہ اور ہمسایہ ممالک سے پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں۔

بریفنگ میں چین، امریکا، ترکی، سعودی عرب، کینیڈا، اومان، یمن، افغانستان، صومالیہ، جرمنی، اٹلی اور ایران کے سفارتکاروں سمیت اقوام متحدہ کی متعلقہ ایجنسیوں کے نمائندگان بھی شریک ہوئے۔