شہر قائد میں شدید گرمی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ جاری تھی اور اب گیس کا بحران بھی سر اٹھانے لگا۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کی کمی کی وجہ سے سی این جی اسٹیشن کو دو دن کے لئے بند کردیا گیا۔ ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق گیس اسٹیشنز کو جمعے کی صبح 8 بجے سے اتوار کی صبح 8 بجے تک بند کیا گیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ سسٹم میں گیس کی کمی اور کے الیکٹرک کو اضافی گیس کی فراہمی کی وجہ سے سی این جی سیکٹر کو سپلائی بند کی گئی، کے الیکٹرک کو بحران میں بھی 290 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے، صنعتوں کے کیپٹو پاور پلانٹس کو بھی جمعہ سے اتوار تک گیس سپلائی معطل رہے گی۔
واضح رہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے کراچی میں لوڈ شیڈںگ کم کرنے کے لیے کے الیکٹرک کو اضافی گیس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے صنعتوں کے بجلی گھروں کو تین اور سی این جی اسٹیشنز کو دو روز کے لیے گیس کی فراہمی بند کردی جائے گی۔