پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک ملک بھر میں 2 لاکھ 83 ہزار 473 کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 صحتیاب جبکہ 6068 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (8 اگست) کی صبح تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 234 کیسز اور 4 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ 1505 مریض شفایاب ہوگئے۔
ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں کمی کے باعث حکومت نے مختلف شعبوں کو کھولنے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ سال کے آخر سے چین سے شروع ہونے والی اس عالمی وبا نے دنیا کے منظر نامے کو ہی تبدیل کردیا ہے اور لوگ اس وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے سماجی دوری اختیار کررہے ہیں جبکہ ماسک پہننے کو بھی اپنی عادت بنا رہے ہیں۔
پاکستان کی بات کریں تو یہاں فروری کے آخر میں اس وبا کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد مارچ میں وائرس کا پھیلاؤ کم تھا جس میں اپریل میں تیزی آنا شروع ہوئی۔
تاہم مئی اور جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے اوپر اموات سامنے آنے لگی، تاہم جولائی میں کیسز اور اموات کی یہ تعداد کچھ کم ہوئی اور اب اگست کے مہینے میں صورتحال مزید بہتر ہوگئی ہے۔
آج ( 8 اگست) کو سامنے آنے والے کیسز اور اموات کے بعد صورتحال کچھ یوں ہے۔
پنجاب
صوبہ پنجاب جہاں کیسز کی یومیہ تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا تھا وہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 183 نئے مریض اور 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق ان نئے 183 کیسز کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 94 ہزار 223 ہوگئی۔
مزید برآں 2 افراد کے انتقال کرجانے سے صوبے میں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 166 تک پہنچ گئی۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 32 افراد کو متاثر اور ایک کی جان لے گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان 32 نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 15 ہزار 214 تک پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال سے مجموعی اموات کی تعداد 171 تک پہنچ گئی۔
گلگت بلتستان
ملک میں کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو متاثر کرگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد گلگت بلتستان میں مجموعی متاثرین 2 ہزار301 تک پہنچ گئے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 5 نئے مریضوں نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 129 تک پہنچا دیا۔
مزید برآں ایک فرد اس وائرس کے باعث لقمہ اجل بنا اور مجموعی اموات 58 تک پہنچ گئیں۔
صحتیاب
ملک میں کورونا وائرس سے 91 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور اس میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1505 تھی۔
جس کے بعد اب تک مجموعی کیسز میں سے 2 لاکھ 59 ہزار 604 مریض شفا پاچکے ہیں۔