انسٹاگرام نے ٹک ٹاک طرز کا نیا فیچر متعارف کرادیا 

 

اسلام آباد۔سماجی رابطے کی فوٹو شیئرنگ ویب سائٹ اور موبائل ایپلی کیشن انسٹاگرام نے ٹک ٹاک کی طرز کا فیچر دنیا بھر میں متعارف کرادیا۔فیس بک کی زیر ملکیت کمپنی انسٹاگرام نے ٹک ٹاک کی نقل پر مبنی فیچر ’ریلز‘ کو کامیاب آزمائش کے بعد اب دنیا بھر کے صارفین کے لیے متعارف کرادیا۔

 ٹیکنالوجی پر نظر رکھنے والے ماہرین کا ماننا ہے کہ امریکا میں ٹک ٹاک پر عائد ہونے والی پابندی کا بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے انسٹاگرام نے اس فیچر کو دنیا بھر میں متعارف کرایا۔قبل ازیں ریلز نامی فیچر برازیل، جرمنی، فرانس اور بھارت میں آزمائش کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جس کا تجربہ کامیاب رہا۔

 انسٹاگرام استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نئے فیچرز کی سہولت پانچ اگست تاریخ سے دستیاب ہوگئی ہے، وہ اب ریلز کی مدد سے ٹک ٹاک کی طرح 15 سیکنڈ کی ویڈیوز اور آڈیو مختلف ایفیکٹس کے ساتھ بنا کر اپنی آئی ڈی پر اسے پوسٹ کرسکیں گے۔

صارفین کو ریلز تک رسائی حاصل کرنے کے لیے براہ راست انسٹاگرام کیمرہ استعمال کرنا ہوگا، علاوہ ازیں صارف ایکسپلور ٹیب میں دیگر صارفین کی ریلز ویڈیوز کو بھی تلاش کرسکیں گے۔ کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صارفین اپنی ویڈیو کو فیچر کی مدد سے ایڈیٹ بھی کرسکیں گے جبکہ وہ پہلے سے موجود آپشن کو استعمال کر کے اسے مزید خوبصورت بنا سکیں گے۔

انسٹاگرام کے ترجمان نے بتایا کہ جن صارفین کا اکاؤنٹ پرائیوٹ ہے اْن کی ریلز ویڈیوز ایکسپلور ٹیب میں نظر نہیں آئیں گی، اس کے علاوہ تمام ویڈیوز وہاں پر موجود ہوں گی۔ صارفین ریلز کی مدد سے بنائی جانے والی ویڈیو کو بیک وقت اپنی ٹائم لائن اور اسٹوریز میں بھی شیئر کرسکیں گے۔