مریم نواز کو سوالات کیلئے بلایا وہ بارات لیکر پہنچ گئی، شبلی فراز 


 
اسلام آباد۔وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے مریم نواز کی نیب میں پیشی کے موقع پر اصل معاملہ سے توجہ ہٹانے کے لیے پتھر اور پولیس کا ڈرامہ رچایا،ایسے ڈراموں سے توجہ نہیں ہٹے گی انہیں اپنی لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا،ملک کو اس حال تک پہنچانے والے ان لوگوں کو ہم نے کٹہرے میں کھڑا کرنا ہے اور ان سے سارے حساب لینے ہیں۔

 
وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے نیوزکانفرنس میں نیب لاہور میں مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پیدا شدہ صورتحال کو مسلم لیگ ن کا ڈرامہ قرار دے دیا، انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے اصل معاملہ سے توجہ ہٹانے کے لیے پتھر اور پولیس کا ڈرامہ رچایا۔ 

انہوں نے کہاکہ مریم نواز کو زمین کء خریداری سے متعلق سوالات کے لیے بلایا گیا لیکن مریم نواز پوری بارات لے کر آگئیں۔ 

وزیراطلاعات نے کہاکہ وزیراعلی عثمان بزدار نیب میں پیشی کے لیے خاموشی سے جاتے ہیں اور واپس آجاتے ہیں تاہم مریم نواز جیسے لوگ اپنے کیے پر نادم ہونے کی بجائے پریس کانفرنسیں کرتے ہیں۔


انہوں نے جو کرتوٹ اور لوٹ مارکی ہے اس کا جواب دینا ہوگا۔ایک سوال کے جواب میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا سعودی عرب کے ساتھ ہمارے معاملہ کو شکوک و شبہات کی نظر سے نہ دیکھا جائے۔ 

انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ہمارا برادر ملک ہے جو مشکل میں ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہے،ورلڈ آرڈر تبدیل ہورہا ہے، پاکستان اپنے قومی مفادات کے مطابق کام کرے گا۔

وزیراطلاعات نے یوم آزادی پھر پور طریقے سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہم آنے والی نسلوں کے لیے تیس چالیس سال پرانا پاکستان چھوڑ کر نہیں جا سکتے۔جب تک ملک غریب ہوگا اور قرضوں پر انحصار ہوگا ہماری خارجہ پالیسی آزاد نہیں ہوگی۔