اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وفاقی وزیرتعلیم و تربیت کو ہدایت کی ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو نالج سٹی بنائیں اور پورا ایک سیکٹر اس کے لئے وقف کریں۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت شفقت محمود کے اسلام آباد میں خواتین کی یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے توجہ دلائو نوٹس پر بیان پر رولنگ دیتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی۔
قبل ازیں شفقت محمود نے توجہ دلائو نوٹس پر ایوان کو بتایا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں اس وقت 23 یونیورسٹیاں قائم ہیں۔ ان میں سے سات نجی شعبے میں اور 16 پبلک سیکٹر میں کام کر رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کے لئے ایک یونیورسٹی "فاطمہ جناح یونیورسٹی" راولپنڈی میں پہلے ہی موجود ہے.انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے حال ہی میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین سٹیلایئٹ لائون کو بھی یونیورسٹی بنانے کا عندیہ دیا ہے۔
شفقت محمود نے کہا کہ یونیورسٹیاں بنانے کے لئے چارٹر دینا نہایت آسان ہے تاہم یہاں پر ہونے والی تدریس کو معیاری بنانا نہایت مشکل کام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یونیورسٹیوں کے ساتھ ساتھ یونیورسٹیوں میں دی جانے والی تعلیم کے معیار کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اسلام آباد راولپنڈی میں خواتین کی مزید کوئی یونیورسٹی بنانے کا حکومت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ سپیکر اسد قیصر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں نالج سٹی بنائیں اور پورا ایک سیکٹر تعلیمی اداروں کے لئے وقف کریں۔ انہوں نے وزیر تعلیم سے کہا کہ وہ وفاقی وزیراسد عمرجو اس وقت اسلام آباد کے منتخب ایم این اے بھی ہیں.ان کے ساتھ مل کر نالج سٹی بنائیں۔