کراچی۔ بزنس مین گروپ (بی ایم جی) کے چیئرمین و سابق صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) سراج قاسم تیلی نے کہا ہے کہ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ کراچی کے تباہ حال انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقی کے کام کو پاک فوج کی زیر نگرانی 5سال کے لیے فوری طور پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) اور فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کے حوالے کیا جائے کیونکہ ہمیں پختہ یقین ہے کہ صوبائی سطح پر تمام محکمے اور مقامی انتظامیہ کے بدترین صورتحال سے نمٹنے کی اہلیت اور سکت نہیں رکھتے۔
کراچی کے بنیادی ڈھانچے بشمول سڑکیں، بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام، سیوریج لائنیں، پانی کی تقسیم، صفائی و ستھرائی اور دیگر شہری سہولیات کو صرف این ڈی ایم اے اور ایف ڈبلیو او کی خدمات حاصل کرکے ہی بہتر بنایا جاسکتا ہے جس کی نہ صرف کاروباری اور صنعتی برادری بلکہ اس شہر کی اکثریت حمایت کر رہی ہے کیونکہ ہر کوئی بدترین حالات میں زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔
اب وقت آگیا ہے کہ فوج کی نگرانی میں کراچی کے تباہ حال انفرااسٹرکچرکو اولین ترجیح پر بہتر بنانا ہوگا بصورت دیگر صورتحال بدستور خراب ہوتی رہے گی جس سے کراچی میں رہنا اور کاروبار کرنانا ممکن ہوجائے گا۔