چترال، ہوٹل کی بالکونی گرنے سے 5سیاح جاں بحق، 11زخمی

چترال ۔چترال میں ایک مقامی ہوٹل میں بالکونی کے گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب کے ضلع قصور سے تعلق رکھنے والے چار خاندانوں کے بیس افراد سیر وسیاحت کے لئے چترال آئے رات کو ہوٹل کی تیسری منزل پر واقع بالکونی میںتصاویر لے رہے تھے کہ بالکونی وزن برداشت نہ کرسکنے کی وجہ سے ٹوٹ گئی جس کے نتیجے میں بالکونی میں کھڑے ہوئے 16افراد نیچے گرگئے ۔

 حادثے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو1122کے اہلکار اور الخدمت فاﺅنڈیشن کے رضا کاروں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا جہاں پانچ افراد زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

 جاں بحق ہونے والوں میں رشیدہ ، فاخرہ، اعجاز، رتبہ اور عمران زیب شامل ہیں جن کی لاشوں کو ایمبولنس کے ذریعے قصوربھجوادیا گیا جبکہ زخمیوں کو پاک آرمی کی ہیلی کاپٹر میں راولپنڈی روانہ کیا گیا لیکن لواری میں موسم کی خرابی کی وجہ سے ہیلی کاپٹر واپس آگیا اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں داخل کرادیا گیا حادثے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور بڑی تعداد میں لوگ ہسپتال پہنچ گئے جہاں انہوں نے زخمیوں کو خون کے عطیات دئیے ۔