اسلام آباد ۔وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر سید شبلی فراز نے کہا ہے کہ جہاں تک ہمارے قومی مفادات کا تعلق ہے تو ہم اس کے راستے میں کسی سیاسی مخالفت یا سیاسی تقسیم کو حائل نہیں ہونے دیں گے بلکہ جو پاکستان کے لئے بہتر ہو ہم وہی فیصلے کریں گے۔
ملک کو آج جتنے بھی چیلنجز درپیش ہیں اس کی وجہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط پالیسیاں ہیں جنہوں نے ذاتی مفاد کو قومی مفاد پر ترجیح دی اور ملک و قوم کو اس نہج پر پہنچایا ۔ہماری حکومت احتساب کے عمل کو جاری اور ساری رکھے گی اور قانون کی بالادستی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ موجودہ حکومت عمران خان کی دینانتدار قیادت میں معاشی اور سماجی تبدیلیوں کے لئے مخلصانہ کوشش میں مصروف عمل ہے۔
پاکستان کا قیام ہم پر ہمارے بزرگوںکا ایک احسان ہے اور ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک مظبوط اور خوشحال پاکستان اپنی آئندہ نسل کے لئے چھوڑ کر جائیں،ہم یہ فرض اپنے بچوں کے لئے ضرور نبھائیں گے اور ملک کو کرپشن اور بدعنوانی سے پاک کر کے رہیں گے۔
قائد اعظم محمد علی جناح نے جس خواب کی تعبیر کو حقیقت میں بدلا اس کی سچائی آج پوری طرح عیاں ہے کہ مودی سرکار کس طرح بھارت کے اندر رہنے والی اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ظلم اور جبر کر رہی ہے اور کشمیر کی وادی کو پانچ اگست2019کے بعد عملاً جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سید شبلی فراز نے قیام پاکستان کی جدوجہد کو اجاگر کرنے کے لئے وفاقی وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے منعقدہ تین روزہ تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات نے پاکستانی عوام میں 1947کے جزبہ آزادی کے احیاءکے لئے اس تصویری نمائش کا انعقاد کیا ہے، یہ نمائش عظیم رہنما کے اصولوں اور اعلیٰ تصورات کی پیروی کی یاددہانی کرواتی ہے، یوم آزادی کے حوالہ منعقدہ یہ تصویری نمائش قائد اعظم محمد علی جناح کی فعال قیادت اور لازوال قربانیوں کی یاد دلاتی ہے۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ اس تصویری نمائش کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ یوم آزادی اور قراردادپاکستان کے حوالہ سے نئی نسل کو یہ احساس دلایا جاسکے کہ پاکستان کیوں ہمارے لئے ضروری تھا اور آج بھی تمام مسائل کے باوجود کتنی بڑی نعمت ہے اور اس کے تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے لئے ہر کسی کو اپنا کردار نبھانا چاہیئے
،ان کا کہنا تھا کہ14اگست کی تاریخ ہمیشہ ہمیں یاددلاتی رہے گی کہ برصغیر کے مسلمانوں نے بیشمار مشکلات کے باوجود قائد اعظم کی قیادت میں اپنے قومی اور مذہبی شناخت کے حصول میں کامیابی حاصل ہے جس کی عصر حاضر میں کم ہی مثالیں ملتی ہیں۔
قائد اعظم نے 15اگست1947کو پاکستان براڈکاسٹنگ سروس کے افتتاح کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں فرمایا تھا کہ قیام پاکستان نے اس ملک کے شہریوں پر ایک بھاری ذمہ دا ری عائد کی ہے اور آزادی نے اس قوم کو یہ موقع فراہم کیا ہے کہ وہ دنیا کو دکھا سکے کہ کس طرح ایک کثیر الاعناصر قوم ذات پات اور عقائد سے بالاتر ہو کر امن اور ہم آہنگی کے زریعہ اپنے تمام ہم وطنوں کی کی بھلائی کے لئے کام کرسکتی ہے۔