14 اگست: ’جوناگڑھ کا پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ‘

پندرہ اگست تک آپ ہر روز تین اخبارات ڈان، دی ہندوستان ٹائمز اور ایسٹرن ٹائمز میں 70 برس پہلے شائع ہونے والےخبروں کی جھلکیاں یہاں پڑھ سکیں گے

 

ڈان

(کراچی، بدھ) 'ہماری کوشش ہوگی کہ ہم برطانیہ، ہندوستان اور دیگر برادر ممالک کے ساتھ اچھی ساکھ اور دوستی بنائیں اور اسے آئندہ قائم رکھیں گے تاکہ ہم سب مل کر دنیا میں امن اور خوشحالی کے لیے کام کر سکیں۔' یہ بات انھوں نے وائس رائے اور لیڈی ماؤنٹبیٹن کے اعزاز میں ایک عشایئے کے دوران کہی۔ قائداعظم نے مزید کہا کہ 'آج انڈیا کے عوام اقتدار حاصل کرنے کے قریب ہیں جس کے بعد طے شدہ تاریخ 15 اگست کو انڈیا اور پاکستان کی دو آزاد اور خود مختار ریاستیں پیدا ہوں گے۔‘

'ہز میجسٹی کی حکومت کا یہ فیصلہ اسی عظیم مقصد کی تکمیل ہے، جس کا اظہار دولت مشترکہ کے قیام سے ہوا تھا اور جس کا مقصد برطانوی راج میں شامل تمام ممالک اور قوموں کو کسی دوسرے ملک کی بالادستی سے خودمختار اور آزاد ریاستوں میں تبدیل کرنا تھا۔

 

جوناگڑھ کا پاکستان میں شامل ہونے کا فیصلہ

(کراچی، منگل) باوثوق ذرائع کے مطابق جوناگڑھ کی ریاست نے پاکستان میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ ریاست کے آئینی معاملات کے سیکریٹری نے، جو کل یہاں پہنچے تھے، مسٹر جناح سے ملاقات کی اور ریاست کے فیصلے کے بارے میں انھیں بتایا۔ (اے پی آئی)

پنجا بھر سے تشدد کی خبریں

ایسٹرن ٹائمز

(لاہور، 12 اگست) سردار شوکت حیات خان اور میاں ممتاز محمد دولتانہ نے ایک اخباری بیان میں کہا کہ 'پنجاب مسلم لیگ نے 15 اگست کو اقتدار کی منتقلی کے موقع پر مغربی پنجاب میں کہیں پر بھی کسی قسم کا جشن نہیں ہوگا۔ اس دن پنجاب کی عظمت اور ان مسلمانوں کے لیے جمعہ الوداع کے بعد خصوصی دعائیہ تقریبات ہوں گی جو اپنے علاقے میں اقلیت ہیں۔