آدھا ملک گنوا دیا، مزید ٹوٹ پھوٹ کے متحمل نہیں ہوسکتے، وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز احمد شاہ

آزادی نہ ملتی تو آج ہمارا حال وہی ہوتا جو بھارت میں مسلمانوں کا ہے

 

  وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیر (ر) اعجاز احمد شاہ نے کہا ہے کہ آزادی نہ ملتی تو آج ہمارا حال وہی ہوتا جو بھارت میں مسلمانوں کا ہے، آدھا ملک گنوا دیا، مزید ٹوٹ پھوٹ کے متحمل نہیں ہوسکتے، اپنا آپ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعہ کو یہاں جمنازیم ہال میں پرچم کشائی کے موقع پر تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

قبل ازیں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے پرچم کشائی کی۔ تقریب میں ضلعی افسران، اراکین اسمبلی اور پی ٹی آئی عہدیدران نے شرکت کی، سیاسی و سماجی رہنما، وکلا، علما کرام اور شہری بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی بھی دی۔ شرکا نے پاکستان زندہ، پاکستان پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔

 وزیر داخلہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم آج یوم آزادی زیادہ جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک اختیار کیا گیا ہے، آزادی نہ ملتی تو ہمارا حال بھی بھارتی مسلمانوں جیسا ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قیامت تک رہنے کے لئے بنا ہے۔ 73 سالوں میں آدھا ملک گنوا بیٹھے۔ملک مزید ٹوٹ پھوٹ کا متحمل نہیں ہوسکتا، ہم سب کو اپنا آپ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔

یہ ملک ریاست مدینہ کی طرز پر تعمیر ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننکانہ صاحب کے علاقے کی محرومیاں ختم کریں گے۔ ننکانہ کی ترقی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے کورونا وائرس کم ہوا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو بھوک سے نہیں مرنے نہیں دوں گا۔ پوری قوم نے کرونا وبا کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ اب کورونا میں مسلسل کمی آرہی ہے تاہم احتیاطی تدابیر پر عمل جاری رکھنے کی ضرورت ہے، عوام فیس ماسک کا استعمال ترک نہ کریں، ہینڈ سینیٹائرز کا استعمال جاری رکھیں، محرم الحرام میں بھی مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں پیار و محبت پھیلانے کی ضرورت ہے، محرم کے جلوسوں میں کرونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے۔ننکانہ کی ترقی ہمارا مشن ہے۔ انشاء اللہ پورے ملک کو ترقی یافتہ بنائیں-