پشاور۔جمعہ کے روز ہفتہ وار تعطیل کیلئے خیبر پختونخوا اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرا دی گئی ہے ٗ رکن صوبائی اسمبلی سراج الدین اور خاتون ممبر حمیرا خاتون کی قرار داد میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ یہ ایوان وفاقی حکومت سے اس امر کی سفارش کرے کہ ملک بھر میں اتوار کے بجائے جمعہ کے دن ہفتہ وار سرکاری تعطیل کو بحال کیا جائے
انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر معرض وجود میں آیا اور اسلامی تعلیمات کی رو سے جمعتہ المبارک کی بڑی اہمیت ہے اس دن کو دوسرے ایام کا سردار کہا گیا ہے قرآن پاک میں بھی جمعہ کے دن ظہر کی اذان کے ساتھ ہی کاروبار بند کرکے نماز کے لئے مسجد جانے کا حکم دیا گیا ہے۔
ماضی میں ملک کے اندر جمعہ کے دن ہفتہ وار سرکاری تعطیل ہوا کرتی تھی جس کے بعد اتوار کے دن سرکاری تعطیل کا فیصلہ کیا گیا لہٰذاقرارداد کے ذریعے وفاقی حکومت سے اس امر کی سفارش کی گئی کہ ملک بھر میں جمعہ کی سرکاری چھٹی کو فی الفور بحال کیا جائے تاکہ اس حوالے سے درپیش مشکلات اور مسائل سے نجات مل سکے۔