وزیر اعظم کی ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری

 

اسلام آباد۔وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس کے نوجوانوں سے  پبلک سروسز کی نگرانی اور بہتری کے لیے ٹائیگر فورس سے مدد  لینے کا فیصلہ کر لیا ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت  ایک اجلا س ہوا جس میں  ٹائیگر فورس ای گورننس پلان پر مشاورت کی گئی جس میں معاون خصوصی عثمان ڈار نے مستقبل کی منصوبہ بندی پر مبنی جامع منصوبہ وزیراعظم کو  پیش کیا۔

وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس کے ذریعے ای گورننس سسٹم لانے کی منظوری دے دی جس کے بعد اب ٹائیگر فورس کے نوجوان مقامی سطح پر گورننس کے معاملات کو رپورٹ کر سکیں گے۔

ٹائیگر فورس کی جانب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور صحت کی سہولیات سے متعلق بھی حکام کو آگاہ کیا جائے گا جبکہ پناہ گاہوں، مارکیٹوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر سروسز کی فراہمی رپورٹ ہو گی ٹائیگر فورس کے ارکان تھانے، کچہری، لینڈ ریکارڈ، بجلی چوری اور عوامی شکایات پر بھی نظر رکھ سکیں گے سروسز کی فراہمی سے انکار یا رشوت ستانی کی کوشش کو رپورٹ کیا جا سکے گا۔

وزیر اعظم کو پناگاہوں اور پرائس کنٹرول سے متعلق ٹائیگر فورس کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی جس میں پناہ گاہوں میں ملنے والی سہولیات اور مسائل سے آگاہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے ٹائیگر فورس کی ممبر شپ کالجز اور یونیورسٹیز تک لے جانے کا فیصلہ کیا اور عثمان ڈار کو تعلیمی ادارے کھلتے ہی ممبر شپ مہم تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔اس مو قع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا گورننس سسٹم بہتر کرنے کے لیے نوجوانوں کا تعاون درکار ہے اور نوجوانوں کو گورننس سسٹم کی بہتری میں کردار ادا کرنے کا موقع دیں گے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ نوجوان ملک کی بہتری کے لیے اپنی خدمات پیش کرنے کو تیار ہیں اور چند دن میں ایک لاکھ نئے ممبرز ٹائیگر فورس میں شامل ہوئے انشااللہ گورننس میں بہتری کا انقلابی منصوبہ کامیاب ہو گا۔