اسلام آباد۔وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ شہباز شریف اورمولانا فضل الرحمان کی ملاقات ناکام تھی۔ برطانیہ سے ملزمان لانے کا کوئی معاہدہ نہیں۔ نواز شریف واپس نہیں آئیں گے ایف اے ٹی ایف پر حکومت کو شکست نہیں، اپوزیشن بے نقاب ہوئی،یکم ستمبر کو اہم فیصلے آنے والے ہیں۔
وویمن کالج کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کہیں نہیں جارہے،جو کچھ تھا وہ ختم ہوگیا، آج لاہور اور کراچی ڈوبا ہوا ہے کراچی میں لوگ خون کے آنسو رو رہے ہیں لوگ ارکان اسمبلی کو گالیاں دے رہے ہیں۔
ہم نے دو ماہ قبل راولپنڈی کا لئی نالہ صاف کیاورنہ پنڈی بھی ڈوب جاتا، وزیر اعلی کو لال حویلی کے بجائے نالہ لئی لے کر گیا جس سے فوری صفائی شروع ہوگئی۔
انہوں نے کہا پاکستان میں ترقیاتی منصوبے کیلئے فائل کا پیچھا کرنا پڑتا ہے، ایسا نظام ہے جس کے پاس فائل جاتی ہے وہ چھاؤنی ڈال کر بیٹھ جاتا ہے، ہم نے فائلوں کا پیچھا کیا جہاں فائل پہنچی ہم وہاں پہنچ گئے۔ 70 ارب روپے نالہ لئی پر خرچ کرنے جا رہے ہیں، بزدار صاحب کا مشکور ہوں نالہ لئی کو ترجیح دی، نالہ لئی کے دونوں اطراف سڑکیں بنانے جا رہے ہیں، نالہ لئی کے اطراف 8 منزلہ پلازے بنانے کی اجازت دیں گے۔
نواز شریف کو وطن واپس لانے سے متعلق سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو نوازشریف کے جانے پر دکھ ہے اور میں کابینہ کے نوازشریف کو واپس بلانے کے فیصلے سے اتفاق کرتا ہوں۔ حکومت نوازشریف کو واپس لانے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی لیکن لگتا ہے وہ واپس نہیں آئیں گے کیونکہ ابھی تک ہمارا قیدیوں کی واپسی کیلئے برطانیہ سے معاہدہ نہیں ہے،
عمران خان جس کام کے پیچھے لگ جائے وہ پورا کر کے رہتے ہیں۔اپوزیشن اتحاد سے متعلق شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن کی آل پارٹیزکانفرنس بہت دور ہے، لوگ اپوزیشن کے لیے باہر نہیں نکلیں گے، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان ملاقات ناکام تھی، پہلی بار ایک مذہبی جماعت کا سربراہ کہہ رہا ہے مجھے سیاسی لیڈروں پر اعتماد نہیں۔ اپوزیشن کا صرف ایک مطالبہ ہے، نیب ختم کر دو، ۔
سینیٹ میں ایف اے ٹی ایف سے متعلق بل منظور نہ ہونے پر حکومت کو شکست نہیں ہوئی بلکہ اپوزیشن بے نقاب ہوگئی ہے، پوزیشن کانیب ختم کرنے کے علاوہ کوئی اور مطالبہ نہیں، اپوزیشن کہتی ہے ہم سے ہاتھ پاؤں کے انگوٹھے لگوا لومگر نیب ختم کردو۔ نیب آزاد ادارہ ہے وہ کسی کے خلاف انکوائری کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سیاسی طور پربدمعاشوں کی گردنیں اڑا دی ہیں شہباز اور حمزہ کا معاملہ سنگین ہے وہ اندر جائیں گے۔ یکم ستمبر کو اہم فیصلے آنے والے ہیں۔