نواز شریف نے قانون کا مذاق اڑایا، واپسی کیلئے تمام قانونی اقدامات کرینگے، شبلی فراز 

 

 اسلام آباد۔ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہاہے کہ نواز شریف نے بیماری کا استعمال کر کے قانون کا مذاق اڑایا، واپس لانے کیلئے تمام قانونی اقدامات کرینگے،اپوزیشن ایک پیچ پر نہیں،اپوزیشن کا مشترکہ مفاد صرف ناجائز دولت بچانا ہے۔

عوام کی زندگی میں تبدیلی ہی حکومت کا اصل چیلنج ہے،ذخیرہ اندوزوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی،گندم ابھی پہنچی نہیں، مارکیٹ میں قیمت ایک سو روپے تک کم ہو گئی ہے، سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا الزام وفاقی حکومت پر لگایا،گزشتہ دس سالوں میں 14 کھرب روپے سندھ حکومت نے کہاں لگایا۔

وزیر اطلاعات شبلی فراز نے وزیر غذائی تحفظ فخر امام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں گندم اور چینی کی قیمت زیادہ ہیں،ان کی قیمت کو کنٹرول کرنے کیلئے حکومت اقدامات کر رہی ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم چاہتے ہیں کہ ان اشیاء کی قیمتوں میں کمی لائی جائے،اس میں ذخیرہ اندوزی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ گندم ابھی پہنچی نہیں لیکن مارکیٹ میں قیمت ایک سو روپے تک کم ہو گئی ہے۔وزیر غذائی تحفظ فخر امام نے کہاکہ آٹا اور گندم کا بحران چند ماہ پہلے شروع کیا گیا،ذخیرہ اندوزوں نے اس میں خاص کردار ادا کیا۔

 انہوں نے کہاکہ ہماری امدادی قیمت 1400 فی من جبکہ عالمی مارکیٹ میں ریٹ 1800 من تھا،ذخیرہ اندوزوں نے زبردست فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں 63 ہزار ٹن گندم لے کر جہاز پہنچ گیا،جلد دوسرا جہاز بھی پہنچ جائے گا جس سے ایک لاکھ ٹن دستیاب ہو گی،چار لاکھ اٹھاسی ہزار ٹن گندم دو ماہ میں کراچی پہنچ جائے گی۔

فخر امام نے کہاکہ پنجاب میں گندم کی قلت نہیں،گندم کی قیمت میں جلد استحکام نظر آئے گا،ذخیرہ اندوزوں کو فائدہ نہیں ہو گا،گندم کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ سال کیلئے 11 لاکھ ٹن گندم کی بیج کی ضرورت ہے،سرکاری شعبے میں 4 لاکھ ٹن گندم کا بیج کا بندوست کر لیا۔

 انہوں نے کہاکہ گندم کی کاشت سے پہلے اس کی امدادی قیمت مقرر کر دی جائے گی،کپاس اور گندم کے بیج پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں،چین کے ساتھ زراعت میں بہتری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے۔

 وزیر اطلاعات نے کہاکہ سندھ حکومت اپنی ناکامیوں کا الزام وفاقی حکومت پر لگایا،گزشتہ دس سالوں میں 14 کھرب روپے سندھ حکومت نے کہاں لگایا،کراچی کے انفراسٹرکچر کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی کی حکومت ہے،سندھ میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے،سندھ حکومت کی ناکامی سامنے آئی ہے۔

 فخر امام نے کہاکہ وزارت میں عملے کی کمی ہے،وزارت صرف پالیسی تک محدود ہے،زرعی تحقیق میں سرمایہ کاری کریں گے،افریقی ٹڈی دل پاکستان میں نہیں آئی،200 لوگ مزید رکھے جا رہے ہیں،چین نے افرادی قوت کی بہتری سے ترقی کی۔ سید فخر امام نے کہاکہ ذخیرہ اندوزوں کیخلاف قانون موجود ہے مگر کارووائی صوبوں نے کرنی ہے،سندھ حکومت کو لکھا ہے کہ گندم کو ریلیز کریں۔

 انہوں نے کہاکہ کپاس کیلئے امدادی قیمت مقرر کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت میں فیصلے اکثریت کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں۔ انہوکں نے کہاکہ سفید مکھی کیخلاف کپاس کے کاشتکاروں کی مدد کریں گے۔

 وزیر اطلاعات نے کہاکہ نواز شریف کو واپس لانے کیلئے تمام قانونی اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے بیماری کا استعمال کر کے قانون کا مذاق اڑایا۔ انہوں نے کہاکہ منی لانڈرنگ میں ملوث لوگوں نے قانون سازی کی مخالفت کی۔

 انہوں نے کہاکہ جنہوں نے قوم کو نقصان پہنچایا انکو واپس لایا جائے گا،زمہ داری انکی ہے کہ واپس آئیں۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن سے کوئی چیلنج نہیں،اپوزیشن ایک پیچ پر نہیں،اپوزیشن کا مشترکہ مفاد صرف ناجائز دولت بچانا ہے،عوام کی زندگی میں تبدیلی ہی حکومت کا اصل چیلنج ہے۔