محرم الحرام کے دوران اداروں نے بہترین خدمات انجام دیں‘کامران بنگش

 

پشاور۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے محرم الحرام کے ایام میں بہترین خدمات کی فراہمی پر محکمہ بلدیات‘ پولیس اور اطلاعات سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محرم الحرام میں عزاداروں اور ماتمی جلوسوں کو لائٹنگ‘ صفائی‘ نکاسی آب‘ سکیورٹی‘معلومات و تصدیق شدہ خبریں اور دیگر سہولیات کی بروقت فراہمی نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری ملازمین کسی بھی دوسری خدمات فراہم کرنے والے ادارے سے پیچھے نہیں ہیں۔

 کورونا ایمرجنسی اور عیدالاضحی کے موقع پر محکمہ بلدیات نے تعطیلات معطل کرکے عوام کی خدمت کی جو قابل تعریف ہے‘ اسی ضمن میں دیگر اداروں کی کارکردگی بھی قابل تقلید ہے۔

معاون خصوصی کامران بنگش نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بار صوبے کو اللہ تعالیٰ نے ایک ایسے کپتان سے نوازا ہے جو ہر کام میں وزراء کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں اس محرم الحرام پر وزیراعلیٰ محمود خان سکیورٹی انتظام اور دیگر امور کی نگرانی کرتے رہے جو ایک اچھا شگون ہے۔

 انہوں نے کہا کہ چترال سے لے کر ڈیرہ اسماعیل خان تک تحصیل میونسپل انتظامیہ اور دیگر ادارے جو میونسپل خدمات فراہم کر رہے ہیں اس محرم الحرام پر چوکنا رہے اور دیگر ایام کی طرح بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

عوام کی جانب سے ڈسپلن کا مظاہرہ کرنے اور متعلقہ اداروں کیساتھ تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے ہر موقع پر متعلقہ اداروں کیساتھ تعاون کیا ہے چاہے وہ میونسپل خدمات فراہم کرنے والے ہوں یا پھر پولیس‘ ان سب کیساتھ عوام نے ہمیشہ بہترین رویئے کا مظاہرہ کیا ہے جو ایک سنجیدہ اور باوقار قوم کی روایت ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ سکیورٹی کے بہترین انتظامات کی بنا پر امن کی فضا کو برقرار رکھا گیا‘ اسی طرح ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لیے متبادل پلان کو لاگو کیا گیا جس پر عوام نے بھی عمل درآمد کو یقینی بنایا۔