اپوزیشن فیٹف کی آڑ میں این آر او چاہتی ہے، شبلی فراز 

 

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنما فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) قوانین کی آڑ میں این آر او لینا چاہتے ہیں۔

حکومت ایف اے ٹی ایف قوانین ملکی مفاد کے لیے لارہی ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں 5 سال کی چوری کا حساب نہ لیا جائے۔ سندھ کے صوبائی وزیر نے حالات ٹھیک کرنے کے لئے 10ارب ڈالر کا مطالبہ کیا ہمارے پاس اتنی بڑی رقم ہوتی تو بھی سندھ حکومت کو نہ دیتے کیونکہ وہ سیدھی اومنی گروپ اور جعلی اکاؤنٹ میں چلی جاتی۔ 

وزیراعظم عمران خان رواں ہفتے کراچی کا دورہ کریں گے، عاصم سلیم باجوہ کے بارے میں جو باتیں ہورہی ہیں وہ درست نہیں ہیں۔

 پیر کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کراچی کے عوام جس تکلیف اور کرب سے گزر رہے ہیں اس سے بخوبی آگاہ ہیں۔ کراچی کے عوام کے ساتھ پوری ہمدردیاں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کراچی کی صورتحال کے بارے میں مسلسل متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لئے درآمدی گندم پہنچ چکی ہے۔ درآمدی گندم اور چینی پہنچنے سے قیمتوں میں کمی آئے گی۔

ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ کے بارے میں جو باتیں ہورہی ہیں وہ درست نہیں ہیں، عاصم سلیم باجوہ کو مشورہ ہے کہ وہ اس کی وضاحت کریں، سوشل میڈیا کی خبروں پرنہ کوئی استعفیٰ دے گا نہ کسی کو استعفیٰ دینا چاہیے۔

اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر اے پی سی ہوئی تو صرف علامتی ہوگی کیونکہ اس میں کوئی طاقت نہیں ہے، ان کا آپس میں اتحاد نہیں ہے اور ایک دوسرے کے خلاف بدنیتی ہے۔ 

وفاقی وزیر نے کہاکہ پیپلزپارٹی کا کراچی کے حالات پر سیاست کرنا اور افسوسناک ہے۔