نواز شریف کسی کے آگے جھک نہیں سکتے،مریم نواز

 


اسلام آباد۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ نوازشریف جیل بھگت سکتے ہیں لیکن کسی کے آگے جھک نہیں سکتے،نواز شریف کی حالت خطرے سے باہر ہوگی وہ پہلے دن واپس آجائیں گے۔

منگل کے روز  اسلام آبادہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف پر جھوٹے مقدمات تھے،مجھ پر بھی جھوٹے مقدمات بنائے گئے،میں کبھی بھی پبلک آفس ہولڈر نہیں رہی۔

مریم نواز نے کہاکہ ارشد ملک کیس ساری دنیا نے دیکھا کس طرح نوازشریف کو سزائیں سنائی گئیں،ارشدملک کااعتراف انصاف کے منہ پر دھبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے نوازشریف کے باہر جانے سے احتساب کابیانیہ کمزورہوا،نوازشریف کی بیٹی بغیر کسی عہدے دوبارجیل میں ڈیتھ سیل میں رہ سکتی ہے۔

 مریم نواز نے کہا ہے کہ وقت آگے پیچھے ہوتا ہے لیکن مکافات عمل ہو کر رہتا ہے اور اب مکافات عمل شروع ہو چکا ہے۔

 انہوں نے کہا نواز شریف وطن واپس آنے کے لیے بہت بے چین ہیں لیکن میری ضد ہے کہ جب تک علاج نہیں ہو جاتا نوازشریف واپس نہ آئیں۔ مریم نواز نے کہا کہ میں نواز شریف کی ہدایات پر عمل پیرا ہوں۔