سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا فیصلہ معطل کر دیا

 

اسلام آباد۔سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کردیا اور کہاکہ شوگر سکینڈل  پر  متعلقہ ادارے تحقیقاتی عمل جاری رکھیں گے۔

 تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس سپریم کورٹ گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ 

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ کمیشن میں مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہونے چاہیئے تھے، جس پر ا ٹارنی جنرل نے بتایا کہ رپورٹ میں سزا تجویزنہیں کرنا تھی، مزید تحقیقات محکموں نے خود کرنا تھی۔
 چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ایک اعتراض یہ تھا کہ کمیشن کا نوٹی فکیشن جاری نہیں ہوا تھا تو ا ٹارنی جنرل نے کہا نوٹی فکیشن جاری ہو گیا تھا،گزٹ میں شائع تاخیر سے ہوا۔

 سپریم کورٹ نے شوگر کمیشن رپورٹ کالعدم قرار دینے کا سندھ ہائیکورٹ کافیصلہ معطل کرتے ہوئے کہا شوگرسکینڈل پر متعلقہ ادارے تحقیقاتی عمل جاری رکھیں گے، اس دوران سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد معطل رہے گا۔

 سپریم کورٹ نے 20شوگر ملز کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیس کی سماعت ایک ماہ بعد ہوگی۔