کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بارشوں سے صوبے بھر میں 101 افراد جاں بحق ہوئے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اگست میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، میرپور خاص میں سب سے زیادہ بارش ہوئی، بدین، عمر کوٹ اور سانگھڑ میں سیلاب جیسے مناظر ہیں، جوہی میں 2 لاکھ 40 ہزار لوگ بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں، ایک ہزار 640 گھروں کو نقصان پہنچا اور کچے مکانات تباہ ہوئے، کچے مکانوں میں رہنے والے لوگ اب سڑکوں پر رہ رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بارشوں نے کراچی میں بھی تباہی مچادی ،بارش سے ڈیفنس اور نیا ناظم آباد بہت زیادہ متاثر ہوئے، سرجانی ٹاؤن کے یوسف گوٹھ سے پانی کی نکاسی مسئلہ بنا رہا، سندھ حکومت نے 9 اور 10 محرم الحرام کو بھی پوری قوت کے ساتھ کام کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بارشوں سے سندھ بھر میں 101 افراد جاں بحق ہوئے ہیں، اب مزید بارشوں کی پیشگوئی ہے، جہاں بارشیں ہورہی ہیں ان کے لئے خیر و عافیت کی دعائیں ہیں،سندھ حکومت وفاق کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے، ہم سیاسی مخالفت کو ایک طرف رکھ کر عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔