پشاور۔خیبرپختونخواکابینہ کے دو وزراء نے حلف اٹھالیا جس کے بعد صوبائی کابینہ میں وزراء کی تعداد چودہ ہوگئی ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان نے رکن صوبائی اسمبلی شہرام خان ترکئی اورانورزیب خان سے جمعرات کے روز گورنرہاؤس پشاور میں صوبائی وزیر کے عہدہ کا حلف لیا۔
گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان سمیت صوبائی وزراء تیمورسلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی، قلندرخان لودھی، سلطان محمدخان،وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران خان بنگش، اراکین صوبائی اسمبلی اور مختلف محکموں کے انتظامی سربراہان شریک ہوئے۔
گورنرنے اس موقع پر نئے صوبائی وزراء کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہارکیاکہ صوبائی وزراء ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر عوامی مفاد میں تفویض شدہ محکموں کی کارکردگی بہتربنانے میں کردار اداکریں گے۔