عاصم باجوہ کا معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ 

 

اسلام آباد۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات کے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم باجوہ نے کہا کہ انہوں نے معاون خصوصی کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے  البتہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی کے عہدے پر کام کرتے رہیں گے۔


عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وہ صبح وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ پیش کردیں گے اور ان سے درخواست کریں گے کہ معاون خصوصی کے عہدے سے سبکدوش کردیں۔

عاصم باجوہ نے کہا کہ ’میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میری توجہ ایک طرف ہونی چاہیے،اسی لیے معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے استعفی دینے کا فیصلہ کیا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ اہل خانہ کے مشورے سے معاون خصوصی اطلاعات کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ کیا کہ ساری توجہ سی پیک پر لگاؤں گا، اطلاعات میں دیگر قابل لوگ ہیں وہ کام ان کے لیے چھوڑ دوں گا۔

عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیراعظم کی بھی اس وقت سی پیک بہت بڑی ترجیح ہے، یقین ہے کہ وزیراعظم مجھے سی پیک میں مزید توجہ لگانے کی اجازت دیں گے۔