پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار میں نمایاں کمی کے بعد اب معمولی سا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جو احتیاط نہ کرنے کی صورت میں مزید بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
ملک میں اب تک 2 لاکھ 97 ہزار 596 افراد میں اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس میں سے 6 ہزار 335 مریض انتقال کر گئے جبکہ 2 لاکھ 82 ہزار 268 صحتیاب ہوگئے۔
جمعے کو کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 کے مزید 398 نئے کیسز سامنے آئے اور 7 مریض انتقال کر گئے۔
اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 343 مریض صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے جس کے بعد ملک میں فعال کیسز کی تعداد 8 ہزار 993 ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی 2 کیسز ایک ہی تاریخ یعنی 26 فروری کو سامنے آئے تھے جس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعدد سرگرمیاں روک دی گئی تھی اور عوام کا ہجوم روکنے کے لیے لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا تھا۔
تاہم معاشی چیلنجز کو دیکھتے ہوئے اپریل میں ہی حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کرنی شروع کردی تھی اور مئی میں کافی چیزیں کھول دی گئیں تھیں جس کی وجہ سے جون میں پاکستان وبا پر عروج پر جا پہنچی تھی۔
چنانچہ حکومت نے مجموعی لاک ڈاؤن کے بجائے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ٹی ٹی کیو (ٹریسنگ، ٹیسٹنگ اور قرنطینہ) کی پالیسی مؤثر انداز میں اپنائی جس کے واضح طور پر بہتر نتائج سامنے آئے اور اب ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بڑی حد تک سست ہوچکا ہے۔
آج ملک میں وبا کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب
پاکستان میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں مزید 61 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک مریض انتقال کر گیا۔
ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کے لیے بنائے گئے خصوصی سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں 61 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی کیسز کی تعداد 97 ہزار 44 ہوگئی ہے۔
دوسری جانب مزید ایک مریض کے انتقال کر جانے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 206 تک جا پہنچی ہے۔
سندھ
سندھ میں گزشتہ روز 214 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 5 مریض انتقال کر گئے۔
سرکاری پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق نئے کیسز کے بعد سندھ میں کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 41 ہوگئی۔
اس کے علاوہ مزید 5 مریضوں کے انتقال کر جانے سے اب تک صوبے میں اموات کی تعداد 2 ہزار 420 تک پہنچ گئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں مزید 25 افراد کووِڈ 19میں مبتلا پائے گئے تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 714 ہوگئی ہے جبکہ اموات کی تعداد 175 ہے۔
خیبر پختونخوا
محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 84 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 36 ہزار 498 ہوگئی۔
صوبے میں جمعہ کو بھی وبا سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 1255 پر برقرار ہے۔