وزیرستان، فورسز کیساتھ جھڑپیں، 3دہشتگر د مارے گئے، ایک اہلکار شہید 

 


میرانشاہ/ وانا۔جنوبی اورشمالی وزیرستان میں فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان جھڑپوں میں 3 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ایک اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔

 شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی علاقہ حسوخیل میں گلشن اڈہ کے قریب گشت پر معمور فورسز کے قافلے پر عسکریت پسندوں کے حملے میں سپاہی حارث نے جام شہادت نوش کیا اور نائیک ذیشان‘ نائیک امریز اور سپاہی عبداللہ زخمی ہوگئے جنہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔

فورسز نے علاقے میں جوابی کاروائی شروع کردی اور جھڑپ کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا۔

دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں تین دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان کی تحصیل سروکئی کے علاقے شہور کاسکئی میں  دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا  جس پر سکیورٹی فورسز نے  جوابی کاروائی کی۔ جھڑپ میں تین دہشتگرد ہلا ک ہوگئے۔

زرائع کے مطابق  ہلاک ہونے والے دہشت گردوں میں کمانڈر شمس الدین، کمانڈر رحمت اللہ عرف مانگڑی اورعادل شامل ہیں۔