کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
سندھ حکومت نے کیماڑی کو باضابطہ طور پر ضلع کا درجہ دے دیا، جس کے بعد کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔
کیماڑی کا نیا ضلع، ضلع غربی کو تقسیم کر کے بنایا گیا ہے، اس نئے ضلع میں 4 سب ڈویڑنز شامل کیے گئے ہیں، جن میں سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں، سب ڈویڑن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی رکھا گیا ہے۔
ضلع غربی اب منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد کے سب ڈویڑنز پر مشتمل ہوگا، جن میں تیسر، سرجانی اور منگھوپیر کے علاقے آئیں گے۔
یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، ا?بادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔
24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔