ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان قومی اور ملی جوش وجذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کی مناسبت سے علی الصبح وفاقی دارالحکومت میں 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں فوج کے شہدا کیلئے قرآن خوانی اور ملکی استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں جب کہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں بھی دعائیہ تقریبات ہوئیں۔
مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی
6 ستمبر یومِ دفاع کے موقع پر کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد کی گئی۔ مزار قائد پر پاکستان ایئر فورس ( پی اے ایف) اصغرخان اکیڈمی کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے جبکہ فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔
’جی ایچ کیو میں تقریب‘
یوم دفاع پاکستان پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں یادگار شہدا پر تقریب ہوئی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
’دفاع وسلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے‘
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم دفاع ہمیں افواج پاکستان اور قوم کے اس جذبہ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے جس کا مظاہرہ کرتے ہوئے انہوں نے پچپن سال قبل دشمن کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملا دیا تھا۔جذبہ ستمبر 1965ء ہمارے دلوں میں آج بھی زندہ ہے ، میں بڑے فخرسے کہہ سکتا ہوں کہ اس کی بدولت ہم بہت سے امتحانوں میں سرخرو ہوئے ہیں۔
یوم دفاع پر قوم کے نام پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ ہماری افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، جنگی تیاری اورجذبہ ایمانی نے آج پاکستان کوناقابل تسخیر بنا دیا ہے۔ ہم نے خطے کے امن اور سلامتی کیلئے مثبت اور سنجیدہ کوششیں کی ہیں مگر ہمارا ازلی دشمن ہمارے خلاف جارحانہ عزائم رکھتا ہے۔ ہم اپنے دفاع وسلامتی پر ہرگز سمجھوتا نہیں کریں گے۔
’پاکستان امن کا علمبردار ہے‘
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 55سال قبل ہماری پاک فوج نے قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔6 ستمبر کا دن ہماری بہادرمسلح افواج کی جرات اورایثارو قربانی کے بے مثال جذبے کی علامت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہئے۔
’پاکستان کی طرف بڑھتا ہر ہاتھ کاٹ دیں گے‘
یوم دفاع کی مناسبت سے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) پاکستان کے صدر شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم دفاع دشمن کے خلاف پاکستان کے ایک ہونے کا دن ہے اور یہ دن پیغام ہے کہ پاکستان کی طرف بڑھتا ہوا ہر قدم اور ہر ہاتھ کاٹ دیں گے۔ شہدا، غازیوں اور غیور و بہادر پاکستانیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جبکہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لیے شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔
فرض کی ادائیگی کے دوران شہید ہونے والے ہمارے ہیرو
یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فرض کی ادائیگی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے ہمارے ہیرو ہیں، انتہاپسندی و دہشتگردی کا نشانہ بن کر جانیں قربان کرنے والے بھی قوم کے ہیرو ہیں ، ہماری آنے والی نسلوں کی یادوں میں ہمارے شہید ہمیشہ زندہ رہیں گے۔