پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 437 ہے جس میں سے 2 لاکھ 85 ہزار 898 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 342 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (6 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 89 مریض اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 ہزار 345 مریض شفایاب ہوئے۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے اب تک اس وبا کے کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ اور کمی دیکھی گئی۔
اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہی تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا تھا جس میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی اور اب 15 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند ہیں۔
یہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگائی گئی تھیں جنہیں وقت گزرنے کے ساتھ نرم کیا جاتا رہا اور اگست میں یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئیں۔
پاکستان میں اس وبا کی بات کریں تو جون کا مہینہ اب تک سب سے زیادہ تشویشناک رہا ہے اور اس ماہ میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں۔
تاہم جولائی اور پھر اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوئی اور اب یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن تک پہنچ گئی ہیں۔
آج 6 ستمبر کو ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
پنجاب
پاکستان میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 48 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔
سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 97 ہزار 166 تک پہنچ گئے۔
اس کے علاوہ 2 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 210 تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 8 افراد کو متاثر کرگیا۔
اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 734 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
ملک میں دوسری نمبر پر کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 979 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
ملک میں سب س کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو اپنا شکار بنا گیا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ان 14 مریضوں میں تصدیق سے وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 327 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں صحتیاب افراد کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفاپاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 345 مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 898 ہوگئی۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 298437
اموات: 6342
صحتیاب: 285898
فعال کیسز: 6197