پاکستان امن کا علمبردار ہے،اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،وزیر اعظم عمران خان

 

 اسلام آ باد۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔

 6 ستمبر ہماری بہادر مسلح افواج کی جرات، بہادری اور ایثار و قربانی کی علامت ہے، پر عزم قوم اور بہادر افواج نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  55 سال قبل اس دن ہماری پاک فوج کے افسران، سپاہیوں، بحریہ کے جوانوں اور فضائیہ کے شاہینوں نے غیور پاکستانی قوم کے شانہ بشانہ دنیا پر ثابت کیا کہ وہ ہر قیمت پر مادر وطن کے چپے چپے کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔

 وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے اپنے آئین سے 370 اور 35 اے کی شقوں کو ختم کر کے نہ صرف اقوام متحدہ کے منشور کی خلاف ورزی کی بلکہ بے گناہ کشمیریوں پر دہشت اور خوف کا راج مسلط کر رکھا ہے۔

 عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا علمبردار ہے لیکن اسے ہماری کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے، دنیا کو ادراک کرنا چاہیے کہ ہماری امن کی خواہش جنوبی ایشیا کے عوام کی اقتصادی بہبود اور خوشحالی کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ امن اور آئندہ نسلوں کے تابناک مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

 وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایک مقصد کے لئے متحد قوم کو کو ئی دشمن شکست نہیں دے سکتا جنا ح کا پاکستان بنانے کے لئے ہمیں اسی جذبے کی ضرورت ہے۔1965 کی جنگ مجھے آج تک یاد ہے جب میری عمر 13 سال تھی وہ دن نہیں بھو ل سکتا کہ قوم کس طرح یک جان ہو کر دشمن کے خلاف قومی اتحاد اور عزم  کا اظہار کیا تھا۔

 عمران خان نے کہا کہ کوئی دشمن اتنی متحد قوم کو شکست نہیں دے سکتا اور جناح کا پاکستان بنانے کے لیے آج بھی اسی جذبے کی ضرورت ہے۔