شمالی وزیرستان میں آپریشن و فائرنگ،کیپٹن سمیت 2اہلکار زخمی، ایک دہشتگرد مارا گیا 

 

میران شاہ۔شمالی وزیرستان میں آپریشن و فائرنگ کے دوران کیپٹن سمیت 2 اہلکار زخمی جبکہ دہشت گرد ہلاک ہو گیا ٗشمالی وزیرستان کے میرعلی سب ڈویژن میں ایک بار پھر فورسز پر فائرنگ میں کیپٹن سمیت دو اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔

 علاقہ حسوخیل پل کے قریب سیکورٹی فورسز کو گشتی پارٹی کی گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں کیپٹن فرحان اور نائیک آصف زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو میرعلی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔فائرنگ کے دوران میرعلی بازار مکمل طور پر بندہوگیا اور لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسی جگہ پر فورسز پر حملہ ہوا تھا جس میں ایک سیکورٹی اہلکار شہید اور تین زخمی ہوئے تھے۔

دریں اثناء  تحصیل میرعلی میں حسوخیل گاؤں کے قریب فورسز کے کامیاب آپریشن کے دوران آریانہ گروپ کا سربراہ اور مطلوب دہشت گرد وسیم ذکریا ہلاک ہو گیا۔

 ذرائع کے مطابق وسیم ذکریا سی ایس ایس آفیسر زبیداللہ داوڑ کے قتل میں ملوث تھا،وسیم ذکریا علاقے میں ٹارگٹ کلنگ اور فورسز پر حملوں میں بھی مطلوب تھا، مارے گئے دہشت گرد کی لاش ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔