کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع، پاکستان نے بھارت کو عدالتی فیصلے سے آگاہ کردیا

 

اسلام آباد.پاکستان نے بھارت کو دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقررکرنے سے متعلق اسلام آبادہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کردیا، عدالت نے کلبھوشن یادیوکووکیل مقررکرنے کا آخری موقع دے رکھا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارت کو دہشت گرد کلبھوشن یادیو کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے سے آگاہ کردیا،بھارتی ہائی کمیشن کوعدالتی فیصلے کی کاپی بھی ارسال کردی گئی ہے۔

عدالت نے بھارت کو کلبھوشن یادیو کیلئے وکیل مقرر کرنے کا آخری موقع دے رکھا ہے، دوران سماعت دوران سماعت چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا تھا کہ یہ آئینی عدالت ہے فیئر ٹرائل مدنظر رکھتے ہوئے بھارت کو موقع دیتے ہیں۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید نے کہا تھا کہ بھارت عدالتی کارروائی میں شامل نہیں ہوتا تو یہ الگ صورتحال ہوگی، بھارت نے کچھ دستاویزات کیلئے جونیئر وکیل مقرر کیا، اگر بھارت دستاویزات لینا چاہتا ہے تو قانون کو فالو کرے۔

اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بھارت کے پاس اب بھی آپشن ہے وہ کونسلر رسائی لینا چاہتا ہے تو لے سکتا ہے، پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل کرنے کے لیے تیار ہے لیکن بھارت نظرثانی کے معاملے پر رکاوٹ بن رہا ہے۔