شوگر مل کے مزدور کے شناختی کارڈ پر 36لاکھ کی چینی فروخت ہونے کا انکشاف 

 

فیصل آباد۔ فیصل آباد کی ایک شوگر مل میں صرف 5 دن لوڈنگ کا کام کرنے والے مزدورکے شناختی کارڈ پر 36 لاکھ روپے کی چینی فروخت ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 پیر کو تفصیلات کے مطابق چینی کی بے نامی خرید و فروخت کا واقعہ فیصل آباد کی ایک شوگر مل میں سامنے آیا ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 36 لاکھ روپے کی چینی خریدنے پر جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والے اصغر اعوان نامی محنت کش کو نوٹس بھی بھیج دیا ہے۔

 ایف بی آر کے نوٹس کے متن کے مطابق شوگر ملز کے ریکارڈ سے ظاہر ہے کہ اصغر اعوان کے نام پر 36 لاکھ 53 ہزار 846 روپے کی چینی فروخت ہوئی۔

ایف بی آر کا نوٹس ملا تو محنت کش اصغر اعوان کے ہاتھوں کے طوطے اڑگئے۔

اس کا کہنا ہے کہ اس نے 2017 میں صرف 5 دن شوگر ملز میں مزدوری کی تھی۔