عبدالولی خان یونیورسٹی پاکستان کی بہترین جامعہ قرار

مردان. ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے دنیا کے 93 ممالک کی 1527 یونیورسٹیوں کی درجہ بندی میں عبدالولی خان یونیورسٹی کو پاکستان کی بہترین جامعہ قرار دیا،

قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد نے ملک کی دوسری اور نسٹ یونیورسٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

تفصیلات کے مطابق دنیا کی یونیورسٹیوں کی درجہ بندی کرنے والی معروف ویب سائٹ ٹائمز ہائر ایجوکیشن نے رواں سال دنیا کی بہترین جامعات کی درجہ بندی جاری کی ہے۔

اس درجہ بندی میں پاکستانی جامعات کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔ ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی رینکنگ میں خیبرپختونخواہ کے شہر مردان میں واقع عبدالولی خان یونیورسٹی کو پاکستان کی سب سے بہتر جامعہ قرار دیا گیا ہے۔

اس فہرست میں قائداعظم یوینورسٹی اسلام آباد دوسرے اور نسٹ یونیورسٹی تیسرے نمبر پر رہیں۔

دنیا کی بہترین جامعات کی فہرست میں عبدالولی خان یونیورسٹی کو 510 واں نمبر ملا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے پاس 200 سے زیادہ پی ایچ ڈیز سکالرز ہیں۔

آئندہ برس تک بیرون ملک سے مزید 100 پی ایچ ڈی کی ڈگریز مکمل کرنے والے اساتذہ یونیورسٹی میں شامل ہو جائیں گے جس کے بعد یونیورسٹی میں 300 کے لگ بھگ پی ایچ ڈی پروفیسرز ہوں گے۔
مزید سبجیکٹ کی بنیاد پر ہونے والی سائیٹیشن رینکنگ میں بھی عبدالولی خان یونیورسٹی پوری دینا کے ٹاپ 200 اداروں میں شامل کی گئی ہے۔

پاکستان کی کوئی دوسری جامعہ سائیٹیشن رینکنگ میں جگہ نہ بنا سکی۔