اسلام آباد۔ ایس ای سی پی افسر ساجد گوندل بازیاب ہوگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ روز قبل وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے اغوا کیے جانے والے افسر ساجد گوندل کو منگل کی شب اغوا کاروں نے رہا کر دیا۔
اس سے قبل منگل کے روز وزیراعظم عمران خان نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے افسر کے مبینہ اغوا کی تحقیقات کے لیے مشیر داخلہ شہزاد اکبر کی سربراہی میں 3 رکنی کابینہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔
کمیٹی ساجد گوندل کے اغوا پر تحقیقات کر کے وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔ جبکہ گزشتہ روز چیئرمین لاپتہ افراد کمیشن جاوید اقبال نے بھی ساجد گوندل کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیا تھا۔
اس تمام معاملے کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے ساجد گوندل کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے رکھا ہے۔