اسلام آباد۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں معیاری تعلیم کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
ہائر ایجوکیشن اور بنیادی تعلیم کے حوالے سے یکساں مواقع، میرٹ پر عملدرآمد اور اساتذہ و طلباء کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبر پختونخوا میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ کے حوالے سے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ محمود خان،چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن طارق بنوری، مشیر وزیر اعلی برائے ہائر ایجوکیشن خلیق الرحمن، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اور خیبر پختونخوا کی مختلف یونیورسٹیز کے موجودہ اور سابقہ وائس چانسلرز اور سینیئر افسران شریک تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں وزیر اعظم کو خیبر پختونخوا میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ کے روڈمیپ پر عمل درآمد کے حوالے سے لئے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مفصل بریفنگ دی گئی۔
شرکاء کو خیبر پختونخوا کی جامعات میں معیاری تعلیم کی فراہمی، میرٹ پر عملدرآمد، تدریسی عمل میں قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کی حوصلہ افزائی، جامعات کے تنظیمی امور میں نمایاں بہتری اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے حوالے سے مجوزہ اقدامات پر آگاہ کیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں معیاری تعلیم کی فراہمی کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
وزیراعظم نے ہائر ایجوکیشن اور بنیادی تعلیم کے حوالے سے یکساں مواقع، میرٹ پر عملدرآمد اور اساتذہ و طلباء کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔