1479 میگاواٹ کے غیر موثر بجلی گھر فوری بند کرنیکی منظوری

 

 اسلام آباد۔وفاقی کابینہ نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کیلئے فیری سروس شروع کرنے، سندھ میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع،اندرون سندھ میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات کے تخمینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دیدی۔

 جبکہ کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی کے دائرہ اختیار میں توسیع کرنے، ایم ڈی بیت المال کی مدت ملازمت میں توسیع، اسلام آباد میں ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام قیصر عالم کی بطور،وفاقی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین کی تقرری، پورٹ قاسم کراچی میں ایل این جی ٹرمینلز، ایکس کیڈر پوسٹس پر جوڈیشل آفیسر بھرتی کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ایس ای سی پی کے ایڈیشنل جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کی بازیابی کیلئے کمیٹی قائم کی گئی تاہم رات گئے ان کی بازیابی کے باعث کمیٹی تحلیل کردی گئی۔

کابینہ نے 1479 میگاواٹ کے غیر موثر بجلی گھر فوری بند کرنے کی منظوری دیدی۔

کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سندھ حکومت کی کیلکولیشن  10 پرسنٹ سے اوپر نہیں جاتی،اندرون سندھ میں این ڈی ایم اے نقصان کا تخمینہ لگائے گا جس کے بعد وفاق ہر ممکن مدد کریگا،ایف اے ٹی ایف قوانین پاکستان کے لیے انتہائی ضروری ہیں،اپوزیشن ذاتی مفادات کی سیاست کر رہی ہے،۔

آئی جی پنجاب کی تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ (ن)لیگ پنجاب میں 35سال سے حکومت میں تھی، انہوں نے کارکردگی کی بجائے وفاداری کا کلچر پرموٹ کیا،  جو کارکردگی نہیں دکھائے گا،جو حکومتی پالیسی سے متفق نہیں ہو گا، اسے تبدیل کیا جائے گا،کابینہ نے غیر ضروری پاو پلانٹس کو بند کرنے کی منظوری دی۔

منگل کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا،جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے قیصر عالم کو چیئرمین فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن تعینات کرنے کی منظوری دی۔اجلاس میں پورٹ قاسم پر ایل این جی کے نئے ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ پورٹ قاسم پر نئے ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر کے حوالے سے این او سی کا اجراء کیا جائے گا۔

 کابینہ نے زائرین کی سہولت کے لئے فیری سروس کے آغاز کی منظوری دی۔ اس مقصد کے لئے کراچی، پورٹ قاسم اور گوادر پورٹ پر متعلقہ پورٹ اتھارٹیز کی جانب سے مسافرین کی سہولت کے لئے امیگریشن، کسٹم سمیت تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔کابینہ نے اس امر پر زور دیا کہ آئی پی پیز سے طے پانے والے معاملات کے نتیجے میں مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 اس فیصلے سے آئندہ دو تین سال میں تقریبا سو ارب روپے کی بچت ہو گی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ کم کارکردگی والے پاور پلانٹس (Inefficient) کو بند کیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے تحت 1479میگا واٹ کے پلانٹس کو فوری طور پر بند کیا جا رہا ہے جبکہ 1460میگا واٹ کے پلانٹس کو کہ جن کی کارکردگی (efficiency) خراب ہے ستمبر 2022تک بند کر دیا جائے گا۔ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 27اگست2020کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی تو ثیق کی۔کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 27اگست2020کے اجلاس میں لیے گئے فیصلوں کی تو ثیق کی۔

وفاقی کابینہ نے حکومت سندھ کی درخواست پر صوبہ سندھ میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کرنے کی منظوری دی۔کابینہ نے وفاقی دارالحکومت کے لئے کیپیٹل ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی۔ کابینہ نے 19مئی2004میں وفاقی دارالحکومت کے زون II,،IIIاور IVمیں بجلی و گیس کے نئے میٹروں پر لگائی جانے والی پابندی کے فیصلے اور بعد ازاں اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلوں کو مد نظر رکھتے ہوئے وزیرِ قانون، مشیر داخلہ، مشیر پارلیمانی امور، وزارتِ منصوبہ بندی کے نمائندے پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو اس حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں ساٹھ دنوں میں سفارشات پیش کرے گی۔

 کابینہ نے منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال کی مدت ملازمت میں توسیع دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے لئے ڈائریکٹر کے عہدے کے لئے نمائندگان کی منظوری دی۔کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بارشوں سے زیادہ نقصان نہیں ہوا، بدقسمتی سے اندرون سندھ کے حالات ملک کے باقی علاقوں سے بہت خراب ہیں۔

انہوں نے میڈیا بقایا جات کے حوالے سے کہا کہ 1.1ارب روپے کے میڈیا ہاؤسز کے بقایا جات ادا کر دیئے ہیں، آگے بھی ایسا لائحہ عمل بنایا جائے گا کہ ریگولر لی سے بقایا جات ادا ہوتے رہیں گے،اس لئے جن میڈیا ہاؤسز کی بقایاجات کلیئر ہو گئے ہین وہ اپنے ورکروں کو تنخواہیں ادا کریں۔

 انہوں نے کہا کہ زائرین کیلئے فیری سروس کا اجراء کیا گیا ہے، جس سے لوگ آسانی سے زیارتوں پر جا سکیں گے،اس کیلئے کسٹم کا طریقہ کار وضح کیا گیا ہے، منسٹری پورٹ اینڈ شپنگ اسے دیکھے گی۔فیری سروس کراچی اور گوادر سے چلے گی۔انہوں نے کہا کہ معیشت دوبارہ بحال ہو گئی ہے، مہنگائی میں تھوڑی کمی ہوئی ہے، ہم اسے بھی شکست دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مسئلہ ہے وہ دس پرسنٹ سے اوپر کا حساب کتاب سمجھ ہی نہیں سکتے۔ 

پنجاب میں تبدیلیوں کے حوالے سے کہا کہ (ن)لیگ 35سال سے حکومت میں تھی، انہوں نے کارکردگی کی بجائے وفاداری کا کلچر پرموٹ کیا، ہر لیول پر انہوں نے افسران کھڑے کئے تبدیلی اصلاحات کا عمل ہیں اس عمل کو روکنے کیلئے مفاداتی ٹولا ہماری مخالفت کر رہا ہے، جو اچھے کام کو نہیں کرنے دے رہے، اگر یہ ہو سکیں تو تمام معززین جیلوں کے اندر ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ جو کارکردگی نہیں دکھائے گا جو حکومتی پالیسی سے متفق نہیں ہوگا اسے تبدیل کیا جائے گا۔