میگا منی لانڈرنگ ریفرنس؛ آصف زرداری پر فرد جرم 17 ستمبر تک موخر


 میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدرآصف زرداری پرفرد جرم 17 ستمبرتک موخرکردی گئی ہے۔
اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس پرسماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق صدرآصف علی زرداری اورفریال تالپورعدالت میں پیش ہوئے۔  وکیل صفائی فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ملزم مصطفی ذوالقرنین اوربعض وکلا کوعدالت میں نہیں آنے دیا جا رہا ہے جس پر جج اعظم خان نے کہا کہ جن لوگوں کی لسٹ فراہم کی گئی ہے کیا انہیں بھی نہیں آنے نہیں دے رہے جس پروکیل نے کہا کہ ایڈمنسٹریشن کی نااہلی ہے۔ اسی دوران آصف علی زرداری نے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس کو خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ میگا منی لانڈرنگ کیس کا ضمنی ریفرنس خارج کرکے بری کیا جائے۔
جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ اس درخواست پر دلائل کے لیے تیارنہیں ہیں جس پر وکیل نے کہا کہ درخواست پردلائل کے لیے 17 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دیں۔ جس کے بعد احتساب عدالت نے آصف علی زرداری پر فردجرم 17 ستمبر تک موخر کردی۔
پارک لین ریفرنس

دوسری جانب احتساب عدالت میں ہی پارک لین کے ضمنی ریفرنس کی سماعت بھی ہوئی، جس میں سابق صدر آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان پیش ہوئے۔ عدالت نے پارک لین ریفرنس کی سماعت کی مزید کارروائی 17 ستمبرتک ملتوی کرنے سمیت فرد جرم بھی اسی روز تک مؤخر کردی۔
واضح رہے کہ آصف زرداری اور فریال تالپورجعلی بینک اکاؤنٹس کے میگا منی لانڈرنگ ریفرنس میں نامزد ملزم ہیں۔