برطانیہ کا سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان


 
لندن۔ برطانوی حکومت سندھ کے 55 ہزار سیلاب متاثرین کو رہائش،صاف پانی مہیا کریگی۔

 تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیر برائے جنوبی ایشیا لارڈ طارق احمد نے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان پاکستان کے ورچوئل دورے کے دوران پاکستانی حکام سے بات چیت کے دوران کیا۔

 انہوں نے کہا کہ برطانیہ نیشنل ڈیزاسٹر کنسورشیم این ڈی سی کے ذریعے پاکستان کو 8 لاکھ برطانوی پاؤنڈ کا امدادی پیکج دے گا تاکہ دیہی سندھ میں سیلاب کے باعث بے گھر ہونے والے افراد کو فوری امداد فراہم کی جاسکے۔

 لارڈ طارق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں دیکھ کر بہت دکھ ہوا، پاکستان میں 55 ہزار سیلاب متاثرین کو رہائش،صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔

 برطانوی وزیر نے کہا کہ سندھ کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ایک ہزار 118 خاندانوں کو حفظان صحت کی کٹس اور ترپال فراہم کیے جا چکے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ جہاں امداد کی ضرورت ہے وہاں امداد پہنچائی جاسکے۔

 لارڈ طارق کا کہنا تھا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، مدد کے لیے تیار ہے کیونکہ لوگوں کی بڑی تعداد اپنے گھر، روزگار اور اپنے پیاروں سے محروم ہوگئی ہے۔