اسلام آباد۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیریہ ریفرنس میں عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے حکم پر نظرثانی کی درخواست دائر کردی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ میرا اس وقت پاکستان آنا ممکن نہیں،عدالت میرے سرنڈر کرنے کا حکم واپس لے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بیان حلفی میں طے پایا تھا کہ حکومت پہلے اپنے طور پر میری صحت کا پتہ کریگی وفاقی حکومت نے اس سے متعلق زرہ برابر بھی کوشش نہیں کی۔
وفاقی حکومت کے پاس میری صحت سے متعلق کوئی مستندمعلومات نہیں ہیں۔ ڈاکٹروں نے ابھی ایسا کوئی سرٹیفکیٹ نہیں دیا کہ واپسی کا سفر کرنے کے لئے فٹ ہوں۔
نواز شریف نے درخواست کیساتھ میڈیکل رپورٹس بھی منسلک کر دیں۔
درخواست میں مزید کہا کہ صحت یاب ہونے کے بعد پہلی فرصت میں پاکستان آؤں گا،ساری زندگی آئین و قانون کی حکمرانی کی جنگ لڑی ہے،واپس آ کر تمام جھوٹے کیسز کا سامناکروں گا۔
درخواست میں کہا کہ نمائندوں کے ذریعے اپیلوں کی سماعت پر پیشی کی درخواست منظور کی جائے۔
یاد رہے کہ عدالت نے یکم ستمبر کو العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف ضمانت کیس میں انھیں عدالت کے سامنے سرنڈر کرنے کا حکم دیا تھا۔