پشاور۔ صوبے کے سب سے بڑے طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال قائم 250 بیڈز پر مشتمل کورونا کمپلیکس کو طویل مشاورت کے بعد بالآخربند کر دیا گیا۔
مارچ میں کورونا وباء کے آغاز پر بنایا جانے والا کورونا کمپلیکس کورونا وباء میں کمی اور مریضوں کے نہ آنے سے اب فعال نہیں رہا‘فی الوقت صرف ایک مریض آئسولیشن وارڈ میں داخل تھا جبکہ آئی سی یو میں کوئی مریض زیر علاج نہیں جبکہ وینٹی لیٹر پر بھی کوئی مریض نہیں تھا۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زیر علاج اکلوتے مریض کی حالت تسلی بخش ہے۔
ہسپتال ذرائع نے کچھ دن قبل کہا تھاکہ9 اور دس محرم کے بعد اگر مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہ ہوا تو کورونا کمپلیکس بند کر دیا جائے گا اور اس کمپلیکس میں پلمونالوجی‘ کارڈیالوجی اور امراض پتا کے وارڈز قائم کر دیئے جائیں گے۔
ہسپتال ترجمان کے مطابق ہسپتال کے امراض سینہ وارڈ میں 25بیڈز کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ مریض آنے پر ان کا علاج ہوسکے۔