اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے ایک مرتبہ پھر گیس اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔
آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان رابطہ ہوا ہے جس میں عالمی مالیاتی ادارے کی جانب سے پاکستان سے ایک مرتبہ پھر ڈو مور کا مطالبہ کرتے ہوئے پاکستان پر بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کے لیے زور دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف نے گردشی قرضے کم کرنے کے لیے اقدامات پر زور دیا ہے۔ اس کے علاوہ بجلی کے نقصانات کم کرنے کے لیے اقدامات پر بھی زور دیا ہے۔آئی ایم ایف نے کہا ہے کہ نیپرااور اوگرا کو نرخوں کے بارے میں فیصلوں کے لیے زیادہ سے زیادہ خود مختاری دی جائے۔
علاوہ ازیں آئی ایم ایف کی جانب سے معاشی اور ٹیکس اصلاحات پر عملدرآمد یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے جب کہ جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی کے ٹیکس کا ہدف ہر صورت حاصل کرنے کا کہا گیا ہے۔ آئی ایم ایف نے جولائی تا ستمبر کی سہ ماہی میں 1 ہزار ارب سے زائد ٹیکس جمع کرنے مطالبہ کیا ہے۔