کورونا کیخلاف کامیاب حکمت عملی، وزیراعظم عمران خان کا عالمی رہنماؤں میں پہلا نمبر

 

لندن۔ برطانوی جریدے ایشین ورلڈ نے کورونا کے خلاف کامیاب حکمت عملی والے ٹاپ 10 سیاستدانوں کی فہرست جاری کردی۔

 پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا پہلا نمبر ہے، وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری بھی ٹاپ ٹین فہرست میں شامل ہیں۔

 برطانوی جریدے ایشین ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کورونا وبا کے دوران امدادی فنڈ شروع کیا، ان کی حکومت کی طرف سے بیروزگار افراد تک بروقت امداد بھی پہنچائی گئی۔

برطانوی جریدے کی اس فہرست میں کانگرس ویمن برائے نیویارک الیگزینڈریا کا دوسرا نمبر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈن تیسرے نمبر پر ہیں تو کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو فہرست میں چھٹے نمبر پر موجود ہیں جبکہ فہرست میں فن لینڈ کی وزیراعظم ثنامیرن چوتھے۔

ایشین ورلڈ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا اس فہرست میں ساتواں نمبر ہے جبکہ چین، بھارت، افغانستان، اور بنگلادیش کا کوئی سیاستدان اس فہرست میں شامل نہیں ہے۔

واضح رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب دنیا میں 9 لاکھ 8 ہزار 522 افراد ہلاک اور دو کروڑ 80 لاکھ 54 ہزار 8 متاثر ہوچکے ہیں۔

 دنیا میں کورونا وائرس کے ایکٹیو کیسز70 لاکھ 15 ہزار 619 ہیں اور دو کروڑ ایک لاکھ 20 ہزار 4 سو سے زائد افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔

 امریکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں پہلے اور بھارت دوسرے نمبر پر ہے۔ امریکہ میں کورونا مریضوں کی تعداد 65 لاکھ 49 ہزار سے زائد ہوگئی ہے اور ایک لاکھ 95 ہزار 245 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
بھارت میں 44 لاکھ 70 ہزار سے زائد افراد متاثر اور75 ہزار 119 ہلاک ہو چکے ہیں۔

 برازیل کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے جہاں مریضوں کی تعداد 41 لاکھ 99 ہزار سے زائد افراد متاثر اور ایک لاکھ 28 ہزار653 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔