اسلام آباد۔ بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب دوحہ میں شروع ہو گئی۔
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ قطر کی خصوصی دعوت پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔پاکستان کی طرف سے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق دوحہ اجلاس میں شریک ہیں۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بین الافغان مذاکرات کا انعقاد، افغانستان میں قیام امن کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کا موقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ افغان مسئلے کا حل طاقت کے ذریعے ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا خوش آئند بات یہ ہے کہ آج دنیا پاکستان کے موقف کو تسلیم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان قیادت کیلئے یہ ایک نادر موقع ہے کہ وہ ان مذاکرات کے ذریعے افغانستان میں مستقل اور دیرپا قیام امن کی راہ ہموار کریں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مشترکہ ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے، افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کیا اورکرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا افغان امن عمل کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے عالمی برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ضرورت اس امر کی ہے کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دوہرایا جائے اور افغانستان میں قیام امن کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شر پسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہو گی جو افغان امن عمل کو ناکام بنانے کے درپے ہیں۔